امریکہ پاکستان کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا، اسکی آستین میں خنجر ہے، علامہ ناصر عباس

17 جون 2013

lah semenarوحدت نیوز (لاہور) امام خمینی (رہ) کی برسی کی مناسبت سے سیمینار سے خطاب میں مجلس وحدت کے سیکرٹری جنرل اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان کو ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات بنانا ہوں گے، پاک ایران گیس منصوبہ کسی دباؤ کے بغیر مکمل کیا جائے۔

رہبر انقلاب اسلامی ایران حضرت آیت اللہ روح اللہ امام خمینی (رہ) کی برسی کے مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے لاہور میں ایوان اقبال میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا، بلاشبہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ہونے والی تقاریب میں یہ سیمینار اپنی نوعیت کا اہم اور کامیاب ترین سیمینار تھا جس میں ملک کی تمام اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ اس حوالے سے مجلس وحدت کی انتظامیہ اور سمینار کے میزبان لائق تحسین ہیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوے علامہ ناصر عباس جعفری مرکزی سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا امام خمینی (رہ) نے مسلمانوں کو ایک ایسا اتحاد بین المسلمین کا نظام دیا ہے کہ اگر مسلمان متحد ہوکر اس پر عمل کریں تو بعید نہیں کہ مسلمان دنیا کی سپر پاور بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم اس پر آنچ نہیں آنے دیں گے، وطن کا دفاع واجب ہے۔ امام خمینی (رہ) کے فتوے کے مطابق ٹیکس چوری کرنا قانون شکنی حتی کہ ٹریفک سگنل تک کی خلاف ورزی کرنا حرام ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اے مادرِ وطن گواہ رہنا، تیرے اِن بیٹوں نے کبھی تیری سلامتی کے خلاف اٹھنے والے فتنہ پرور لوگوں سے ناطہ نہیں جوڑا اور ہم تیری سلامتی کیلئے اپنی جان قربان کر دینے کو عین شرعی فریضہ اور واجب عمل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو چائیے کہ وہ امریکن بلاک سے نکلیں کیونکہ یہ بلاک کبھی پاکستان کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا، طاقتور اور مضبوط پاکستان ان کے مفاد میں نہیں،امریکہ پاکستان کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا، اسکی آستین میں خنجر ہے،  ہمیں اپنے ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو بلا تاخیر اور وطن دشمنوں کے دباؤ میں آئے بغیر مکمل کرنا ہوگا۔

اس موقع پر علامہ امین شہیدی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج عظیم ترین انسان کی بارگاہ میں خراجِ تحسین پیش کرنے، ان کے پیغامات پر عمل اور سیرت پر اظہار کیلئے ہم سب یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، علامہ اقبال نے جس آزاد، سربلند، اسلامی ریاست کا خواب دیکھا تھا، اُس کی عملی تعبیر حضرت امام خمینی (رہ) نے پیش کی، جس کو دنیا خمینی بت شکن کے نام سے یاد کرتی ہے۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ جس ہستی نے دین کا پیغام بلند کرنے، ظلم کی رات میں نجات کا راستہ دکھایا، جس نے بتایا کہ دین صرف سنی یا شیعہ کا نہیں بلکہ مسجد سے ایوانِ اقتدار، اسلامی معاشرے کو ظلم کی چکی سے نجات دلانے کیلئے آیا۔
 
سینیٹر سید فیصل رضا عابدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی طرف سے لگائی جانے والی پابندیاں بتا رہی ہیں کہ خمینی بت شکن (رہ) آج بھی زندہ ہے، یزید وقت سے بات کرنا ہو تو ایرانی قوم جیسا بننا ہوگا، احمدی نژاد بننے کیلئے ایرانی قوم جیسا اتحاد و اتفاق ہونا چاہیئے اور یہ سب کچھ امام خمینی (رہ) کے انقلاب کی وجہ سے پیدا ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردار کا نام امام خمینی (رہ) ہے، جبکہ پاکستان میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی، شاہ احمد نورانی، مولانا سرفراز نعیمی اور کبھی سفیرِ ناموسِ رسالت صاحبزادہ فضل کریم کی شکل میں نظر آتی ہے، یہی سوچ یہاں بیٹھے ہوئے تمام علماء کے اندر موجود ہے۔اتحاد بین المسلمین کا نعرہ اس صدی میں سب سے پہلے امام خمینی (رہ) نے بلند کیا اور آج ان کے نعرے کو عملی کرنے میں رہبر ، سید حسن نصر اللہ ، احمدی نژاد ، بشار الاسداور پاکستان میں آپ جیسے علماء اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ خدا کی لعنت ہو ایسے جہاد پر جس کی فنڈنگ امریکہ اور اسرائیل سے ہو، اسلام کی بڑھتی ہوئی تبلیغ امریکہ اور یورپ کیلئے خطرہ ہے، مزارات پر حملہ دراصل اسلام پر حملہ ہے، آج اُن لوگوں سے مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں جنہوں نے مزارات، مساجد، امام بارگاہ، یونیورسٹیز پر حملے کرکے لاتعداد معصوم لوگوں کو شہید کیا جن میں کثیر تعداد میں ہماری ملت کی بیٹیاں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بے شمار لاشیں اٹھائیں لیکن کبھی بندوق نہیں اٹھائی، کیونکہ ہمیں آئینِ پاکستان پر بھروسہ ہے، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں مسلمان قوم متحد ہو کر انقلاب لائے گی۔

اس موقع پر عمار سعید رضوی صدر سنی اتحاد کونسل پنجاب نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی صورتحال کا تذکرہ کریں تو بچے سے لیکر ہر بڑا بھی یہی کہتا ہے کہ امام خمینی(رہ) کا انقلاب صحیح تھا، آج لوگ چاہتے ہیں کہ خمینی انقلاب پاکستان میں نافذ کیا جائے۔ خمینی انقلاب نظامِ مصطفٰی تھا، ہمارے قائد صاحبزادہ فضل کریم ساری زندگی یہی کوشش کرتے رہے کہ نظامِ مصطفٰی لے آئیں، آج انقلاب لا کر ہماری ملت کی تقدیر بھی بدلی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک پاکستان بنانے میں اپنا سب کچھ قربان کر دیا آج اُن کے امام بارگاہوں میں بم بلاسٹ ہو رہے ہیں، ایوانوں میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جو پاکستان کے وجود کے مخالف ہیں، انشاءاللہ کوئی خمینی یہاں سے بھی اٹھے گا جو اِس ملک کی حالت اور تقدیر بدلے گا۔
 
مجلس وحدت مسلمین کے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایم ڈبلیو ایم فرزندانِ امام خمینی (رہ) پر مشتمل جماعت ہے، مجلس اِس بات پر ایمان رکھتی ہے کہ خمینی بت شکن (رہ) کے اقدام نے خالص محمدی (ص) اسلام کو زندہ کیا۔ آج عالمِ اسلام کو جو فکر نجات دے سکتی ہے وہ فکر امام خمینی (رہ) ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھ کھڑے ہو جاؤ، ستم گروں کے چنگل سے آزاد ہو جاؤ، خوابِ غفلت سے بیدار ہو جاؤ، استعمار سے اسلام کو نجات دلاو۔

ندیم افضل چن سابق چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا امام خمینی (رہ) کے انقلاب کی قربانیاں ہر انسان بلکہ جانوروں کیلئے بھی تھیں، بادشاہت، آمریت، استعماریت میں کوئی فرق نہیں۔ انتہا پسندی اور ظلم کے خاتمے کیلئے پاکستان میں بھی امام خمینی (رہ) کے انقلاب کو نافذ کرنا ہوگا، فرقہ واریت سے نکلیں، اپنے بچوں کو اچھا مستقبل اسی وقت دے سکیں گے جب ہم اکٹھے ہوں گے، پاسدارانِ انقلاب کے اتحاد و اتفاق سے اگر ایران میں انقلاب آسکتا ہے تو یہاں خمینی(رہ) کے افکار پر عمل کرتے ہوئے انقلاب کیوں نہیں آسکتا۔

تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری نے کہا جس قائد نے مسلمان امت کو اُمتِ واحدہ بنایا، رنگ و نسل، زبان کوئی فرق نہیں رکھتی، ایک روح، روحِ محمد (ص) کے پیغام کی روح، خمینی انقلاب جب آیا تو یہاں کے علماء نے کہا تھا کہ یہ انقلاب چند دن چلے گا، میں نے اس انقلاب کا مشاہدہ کیا، امام خمینی (رہ) کی تحریروں کا مطالعہ کیا، یقین سے کہہ سکتا ہوں یہ انقلاب صرف ایران میں نہیں بلکہ پوری دنیا پر محیط ہوگا، امام خمینی نے یہ پیغام دیا کہ ظلم مت سہیں، بلکہ ظلم کے مقابلے میں کھڑے ہو جائیں، علامہ اقبال اور امام خمینی ہمارے رہبر و رہنماء ہوں تو ملک پاکستان میں اپنے بچوں کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔

سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا وعدہ ہے اسلام ساری دنیا پر غلبہ پائے گا اور یہی عالمی استعماری طاقتیں خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گی، ایک سپر طاقت کے کہنے پر امام خمینی پر ظلم کیا گیا، انہیں وطن بدر کیا گیا، لیکن آج شہنشاہ کا نام لینے والا کوئی نہیں جبکہ لاکھوں، کروڑوں کی تعداد میں دنیا امام خمینی (رہ) کے افکار کا پرچار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خمینی (رہ) کے افکار پر چل کر امت مسلمہ اکٹھا کرکے دنیا پر چھا جائیں گے، آج امام خمینی (رہ) کی فکر پر عمل کرنے ضرورت ہے، جو لوگ مساجد، امام بارگاہوں اور یونیورسٹیوں پر حملہ کرتے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ و ہ تو انسان کہلانے کے بھی قابل نہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree