وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ)نے اکیس رمضان یوم شہادت حضرت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر مسلم امہ امام علی علیہ السلام کی سیرت مبارکہ سے درس حاصل کرتی تو آج مسلم امہ مسائل کا شکار نہ ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں کفر سے تو باقی رہ سکتی ہیں لیکن ظلم سے نہیں، یہی وجہ ہے کہ امام علی علیہ السلام نے اپنے وقت کے ظالم و جابر افراد کے خلاف جنگ کی اور اسلام کی حفاظت فرمائی۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حضرت امام علی علیہ السلام نے معاشرے میں عدل کے قیام کی جدوجہد کی اور آج ہم بھی عدل و انصاف کے قیام کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ معاشروں میں عدل قائم ہو تو معاشرے خوش حال اور بہتری کی طرف گامزن ہو جاتے ہیں اور اگر کسی معاشرے میں عدل ہی نہ ہو تو وہ معاشرے جنگل کی شکل اختیار کر لیتے ہیں اور آج سرزمین پاکستان کو جنگل بنانے کی گھناؤنی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج، ہمارے اداروں، بازاروں، مساجد، جلوسوں غرض تفریحی مقامات تک کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حکومت میں بیٹھے افراد بے حس بنے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے پیغام میں پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم علی علیہ السلام کے جلوسوں میں شرکت کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی عوام ظالم قوتوں کے خلاف اور مظلوموں کی حامی ہے۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علی علیہ السلام کے موقع پر ملک بھر میں فول پروف سکیورٹی کے انتطامات کو یقینی بنائیں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔