وحدت نیوز(اسلام آباد) امام امت بانی انقلاب اسلامی بت شکن زمان حضرت امام خمینی قدس سرہ کی پچیسویں برسی کے موقع پر وحدت ہاوس اسلام آباد سے جاری اپنے پیغام میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نےکہاہے کہ امام خمینی آزادی خواہوں کی امیدوں کا مرکزتھے، دنیا بھر مستضعفین ومحرومین امام خمینی کو اپنے دردوں کا مداوا سمجھتے تھے، انقلاب اسلامی کی کامیابی امام خمینی کی غدیر و عاشورا پر کامل ایمان کا نتیجہ تھا ، ان کا مذید کہنا تھا کہ عالم غربت میں پر وان چڑھنے والا ایک فقیہ دنیا بھر کے مظلوموں کی آواز بن گیا، گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ تمام استکباری قوتوں کے مکروہ چہروں سے نقابیں نوچنا امام خمینی کا عظیم کارنامہ تھا، وحدت اسلامی کے فلسفے کو موجودہ معاشرے میں عملی شکل دینے میں امام خمینی نے کلیدی کردار ادا کیا،قبلہ اول پر غاصب صیہونی قبضے کے خلاف امام خمینی کا نقطہ نظر آج پورا عالم بشریت تسلیم کرتا ہے، امام خمینی نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کامل اسلامی نظام سیاست و حکومت دنیا کے سامنے پیش کیا جو آج بھی دنیائے اسلام کے لئے نمونہ عمل ہے اور امام سید علی خامنہ ای امام خمینی کے افکار و نظریات کی روشنی میں دنیا بھر کے مظلوموں اور محروموں کو مکمل رہنمائی فراہم کررہے ہیں ۔