وحدت نیوز (اسلام آباد) متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر واسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اپنے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما ناصرعباس شیرازی،علامہ محمد اقبال بہشتی اورڈاکٹر یونس حیدری بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورخطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اتحاد و اخوت کے فروغ اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی کوششوں کوسراہا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے گزشتہ دہائی کے دوران بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لیے جو کاوشیں کیں ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔اس جماعت کے بیانیے نے ان تکفیری عناصر کے حوصلوں کو پست کیا ہے جو بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی سلامتی اور وحدت و اخوت کے لیے ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے عقائد کا تحفظ آئینی تقاضا ہے۔مختلف مسالک کے درمیان تاریخی و علمی اختلافات چودہ سو سالوں سے موجود ہیں۔کچھ شدت پسند ان علمی اختلافات کو جواز بنا کر مذہبی منافرت پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کو بدامنی کا شکار کیا جا سکے۔ایسے عناصر سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام سے مودت ہی معیار حق وصداقت ہے۔آل رسول ص کے دشمنوں سے بیزاری اسلامی تعلیمات کا جز ہے۔تمام مسالک کو رواداری کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہو گا۔