وحدت نیوز(خیرپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور ایم ڈبلیو ایم عزاداری سیل کے وائس چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے پیر وسن ضلع خیرپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ قمبر شہداد کوٹ پولیس نے عزاداروں کے خلاف چار ایف آئی آر ز درج کرکے انتہائی افسوسناک اور متعصبانہ رویہ اختیار کیا ہے مجلس عزا اور جلوس عزا کے خلاف ضلع قمبر شہداد کوٹ انتظامیہ کے اقدامات غیر منصفانہ ہیں جس کے باعث ملت جعفریہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے سندھ حکومت ضلع قمبر شہداد کوٹ پولیس کے متعصبانہ رویے کا نوٹس لے اور نہتے عزاداروں کے خلاف درج ایف آئی آر ز جلد واپس لی جائیں۔
انہوں نےکہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملت کی نمائندہ جماعت ہونے کی حیثیت سے ہر مرحلے پر ان کے ساتھ ہے اور ہم عزاداری کے خلاف اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے ھالانی ضلع نوشہرو فیروز میں بانی مجلس عزا کے خلاف لاوڈ سپیکر ایکٹ کی بنیاد پر ایف آئی آر کے اندراج اور نیاز حسین کی گرفتاری کو بھی افسوسناک قرار دیا۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر سید وقار مہدی سے رابطہ کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت عزاداروں کے خلاف تعصب پر مبنی ایف آئی آر ز کی واپسی کے لئے اقدام کرے گی۔