وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اصولوںپر قائم رہنے کے لیے تجدید عہد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔بانی پاکستان نے قیام پاکستان کے لیے جن بنیادوں پر جدوجہد کی انہیں فراموش کیا جا رہا ہے۔محمد علی جناح نے اصولوں پر سمجھوتہ نہ کر کے اپنی قوم کو باوقار زندگی بسر کرنے کا عظیم درس دیا ہے۔جس آزادی کے حصول کے لیے برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان و مال اورعزت کی قربانی دی ہے آج اسے بیرونی دباؤ اور داخلی وخارجی معاملات میں مداخلت کر کے سلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک آزاد و خودمختار ریاست کے فیصلہ بھی آزاد رہ کر کیے جانے چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ارض پاک کا استحکام قائد کے فرمودات پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ جب تک بانی پاکستان کے زریں اور رہنما اصولوں کو اپنے اوپر لاگو نہیں کیا جاتا تب تک کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔ استعماری و طاغوتی قوتیں صورتیں بدل بدل کر ملک وقوم کی سلامتی و امن کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔تاریخ شاہد ہے کہ مقتدر قوتوں کے غیر دانشمندانہ فیصلے ملک و قوم کی سالمیت و بقاکو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔عالمی تعلقات کے حوالے سے بانی پاکستان کا دوٹوک موقف ناقابل تردید حقیقت ہے۔اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے قائداعظم کا فرمان ہر پاکستانی کے دل و دماغ پر نقش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مسلم ممالک یہود ونصاری سے دوستی کو اہم سمجھتے ہیں ان کے پیش نظر تجارتی مقاصد اور غیر معمولی مفادات کا حصول ہے ۔لیکن ہمارے نزدیک اللہ تعالی کے حکم اور قائد اعظم کے فرمان کی اہمیت سب سے بڑھ کر ہے۔ہم نے پاکستان اور قائد کے اصولوں کا ہر پلیٹ فارم پر دفاع کرنا ہے۔انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔