وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سبی کے علاقے سانگان میں 5 ایف سی جوانوں کی شہادت پر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے، پاک وطن کے تحفظ اور دھشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج اور ایف سی کے بہادر جوانوں کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن کے باوفا بیٹے وطن کی مٹی پر قربان ہوئے۔ سانحے میں ملوث مجرموں کا تعاقب ضروری ہے۔ قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں قصاص کا نظام ہی امن و زندگی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے فروغ کے لئے ہمارے سپاہیوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔ ہم ان شہداء کی فیملیز کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بزدل دشمن دھشت گردی کے ذریعے صوبے کو غیر محفوظ بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اپنے اپنے نظریات اور سیاسی موقف رکھنے کا بھرپور حق حاصل ہے مگر وطن سے محبت اور پاکستان کی سالمیت اور بقا سیاسی مفادات سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں ہم نے کبھی وطن دشمنوں سے ناطہ نہیں جوڑا ۔ پاک وطن کی عزت و سربلندی اور بقاء کے لئے ہم ہر وقت جدوجہد اور قربانی کے لئے تیار ہیں۔