وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن اہلِ بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کے لیے غم و الم کا دن ہے۔وہ عظیم المرتبت ہستی، جو علم و حلم کا پیکر، جود و سخا کا منبع، اور صبر و اخلاص کی مجسم تصویر تھی — جس کا نام مدینہ کے افق پر آج بھی جگمگا رہا ہے، آج ہم اس کی شہادت کی المناک یاد منا رہے ہیں۔امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے علم، کردار اور سیرتِ طیبہ سے انسانیت کو سچائی، صبر اور معرفت کا ابدی درس عطا فرمایا۔
آپ کی حیاتِ مبارکہ ہر متلاشیِ حق کے لیے تا قیامت چراغِ ہدایت ہے۔میں اس پُرملال اور سوگوار موقع پر بارگاہِ امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم مدظلہ العالی، اور تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہِ الٰہی میں دست بدعا ہوں کہ ہمیں ان کے بتائے ہوئے راستے پر ثابت قدمی سے چلنے اور سچائی و ولایت کے پرچم کو تھامے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔الٰہی آمین