ڈاکوؤں کو پولیس اور پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، علامہ مقصود ڈومکی

13 جنوری 2025

وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہر سال سندھ کے مختلف اضلاع سے سینکڑوں لوگ اغواء ہو رہے ہیں۔ ڈاکو راج کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ کچے کے ڈاکو پکے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی میں معصوم شہریوں کو اغواء کرکے بھاری رقم تاوان وصول کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے ڈاکو راج کی سرپرستی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام بدامنی، اغواء برائے تاوان اور ڈاکو راج کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سندھ کے اضلاع کشمور، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی و دیگر اضلاع میں امن و امان کی ابتر صورتحال چوری، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر ہمیں شدید تشویش ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ آج بھی کچے کے ڈاکو پکے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی میں معصوم شہریوں کو اغواء کرکے بھاری رقم تاوان وصول کر رہے ہیں۔ اس گھناؤنے کاروبار میں پولیس اور پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی انہیں مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ یہی سبب ہے کہ آپریشن کے بار بار اعلان کے باوجود آج تک ڈاکوؤں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہوا۔ بلکہ پولیس ایک طرف ڈاکوؤں سے اپنا حصہ وصول کرتی ہے، تو دوسری طرف آپریشن کے نام پر آنے والے فنڈز کی بندر بانٹ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب ایم پی ایز اور ایم این ایز نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اور کبھی انہوں نے اس مسئلے کے خلاف اسمبلی سمیت کسی فورم پر کوئی آواز بلند نہیں کی۔ جو ان کے شریک جرم ہونے کے لئے سب سے بڑا ثبوت ہے۔ جیکب آباد میں پولیس چیکنگ کے دوران شکار پور سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے صوبائی مشیر کی گاڑی سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا، جو ڈاکوؤں کے لئے لے جایا جا رہا تھا۔ جبکہ ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں واضح طور پر پیپلز پارٹی کے ان منتخب نمائندوں کا ذکر ملتا ہے جو ڈاکو راج کی سرپرستی کرتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مجھے حکومت سے زیادہ حزب اختلاف کے رہنماؤں اور سندھ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت کی خاموشی پر تعجب ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ کی سیاسی، مذہبی اور قوم پرست قیادت مل کر بدامنی اغواء برائے تاوان اور ڈاکو راج کے خلاف بھرپور تحریک کا اغاز کریں۔ اس سلسلے میں کراچی جو سندھ کا دارالحکومت ہے میں موثر احتجاج ہونا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال میرا بھانجا عاطف علی ڈومکی اغواء ہوا۔ جبکہ پچھلے ہفتے میرا ایک عزیز میر ہزار خان ڈومکی کندکوٹ سے آتے ہوئے تنگوانی کے مقام پر اغواء کیا گیا ہے۔ جو اس وقت بھی ڈاکوؤں کی تحویل میں ہے۔ ہر ہفتہ ایک درجن کے حساب سے لوگ اغواء ہو رہے ہیں۔ جبکہ ہر سال سینکڑوں لوگ اغواء ہو رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree