وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ایک وفد کے ہمراہ پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری تبلیغات علامہ عبدالحق جمالی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کا نظام ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ عوامی رائے کو روندنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔ پاکستان کے عوام جبر کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، جو کہ آئین اور قانون کی بالادستی سے ممکن ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف پوری دنیا کے غیرت مند عوام سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ عالم انسانیت کو ظلم کے نظام کے خلاف قیام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبدالرحیم زیارت وال نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے تحریک تحفظ آئین پاکستان مصروف جدوجہد ہے۔ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر انسانیت رنجیدہ اور غم زدہ ہے۔