وحدت نیوز(اسلام آباد) صدر جمہوری اسلامی ایران آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراھیم رئیسی اور دیگر حکومتی شخصیات کی ہیلی کاپٹر حادثے میں المناک شہادت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان تعزیت عرض کرتی ہے عظیم ایرانی ملت اورعظیم ایرانی حکومت کو اس سانحے پر جس کے نتیجے میں صدر اسلامی جمہوریہ ایران اور انکے رفقاء جام شہادت نوش کرگئے۔اپنے فرائض کے انجام دہی کے دوران اللہ کے بارگاہ میں چلے گئے۔ یہ وہ شخصیات اور ہستیاں ہیں کہ جنہوں نے اپنے رب سے شہادت کی دعا کی تھی یہ شہادت طلب تھے اور شہادت انکی طلب میں تھی۔جو کردار اپنے دور صدارت میں آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے آدا کیا بالخصوص عالم اسلام کو اکھٹا کرنے, خطے کے استحکام کے لئے اسرائیل جیسے ناسور کے خلاف جس طرح قیام کیا عالمی استعماری قوتوں کو جس طرح بے نقاب کیا ہے یہ کردار بے سابقہ ہے ۔رہتی دنیا تک یہ کاوشیں جاری رہیں گی ۔ یہ مشن بولتا رہے گا۔
مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور انکی مرکزی کابینہ دکھ کی اس گھڑی میں عظیم ملت ایران کے ساتھ کھڑی ہے ۔شہداء اور انکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ وہ راستہ جس پر یہ لوگ گامزن تھے۔جس کے نتیجے میں عالم اسلام کو مضبوط تر کیا گیا اور جس کے نتیجے میں اسلام دشمن انتہائی کمزور ہوگئے یہ راستہ ہمیشہ جاری رہے گا حتی کہ دنیا کے اوپر عالمی عدالت کا قیام عمل میں آجائے گا۔مجلس وحدت مسلمین مقام معظم رہبری انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای ،ایرانی ملت ، ایرانی حکومت ، اور دنیا بھرکے مظلوموں کی حمایت میں چلنے والے مزاحمتی تحریکوں کے سربراہان اور انکے ارکین ساتھ اظہار یکجہتی اور انکو تعزیت پیش کرتے ہیں اور دکھ کے اس گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔