وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت حمایت مظلومین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا کہ غزہ و کشمیر کا مسئلہ کسی خاص ملک کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے، خلیجی ممالک میں جاری پروجیکٹس کا دس فیصد بھی اسرائیل کے خلاف لگا دیں تو اسرائیل کا وجود دنیا سے ختم ہو جائے گا، حکومت پاکستان کا فلسطین پر جاری مظالم پر منافقانہ کردار قابل مذمت ہے، پاکستان میں غزہ کی حمایت میں عوامی اجتماعات اور جذبات کو حکومت کچلنے میں لگی ہے، جس حکومت کی عوام میں جڑیں نا ہوں انہیں عوامی جذبات اور احساسات کی کو پرواہ نہیں ہوتی، اس ریاست کا موقف فلسطین پر کیوں نرم پڑ گیا جس کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ اسرائیل کے لئے کار آمد نہیں، کمپرومائزڈ حکمرانوں سے جن کی فائلیں بنی ہوئی ہیں ان سے خیر کی توقع نہیں، آئیں ٹیبل پر بیٹھتے ہیں دیکھتے ہیں کون کس کو قائل کرتا ہے کہ کس کو معافی مانگنی ہے،اگر ریاست پاکستان اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرئے تو ہم سب سے آگے ہوں گے۔
صاحبزادہ ابوالخیر زبیر سربراہ ملی یکجہتی کونسل نے کہا کہ پاکستان کو کمزور سے کمزور تر کیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف سے قرضے لینے پر خوشیاں منائی جاتی ہیں، ایرانی صدر پاکستان آئے ہم نے کوئی فائدہ نہیں لے سکے،کم از کم توانائی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایران سے مدد لی جا سکتی تھی، چین، افغانستان ،ہندوستان سب ہی بے خوف ایران سے معاہدے کر رہے ہیں، پاکستان میں منظم انداز میں حکومتی سرپرستی میں فحاشی و عریانی پھیلائی جا رہی ہے۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ غزہ مظلوم ہے لیکن جھکے نہیں ہیں، ورلڈ آڈر قائم کرنے والوں کو کمزور لوگوں نے سر نگوں کر دیا ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے لئے دنیائے اسلام میں تفرقہ بازی ایجاد کیا گیا، لیکن آج غزہ نے دنیا تشیع اور اہلسنت کو متحد کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر گزشتہ سات دہائیوں سے ظلم کا شکار ہے، افسوس ناک صورتحال ہے ہمارے زیر اہتمام آزاد کشمیر کی صورتحال نہایت کشیدہ ہے، اور جو کچھ اس وقت آزاد کشمیر میں جاری ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، عوام کے مطالبات سنے جائیں اور فوری طور پر مسائل حل کئے جائیں۔
مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں کا غزہ کے حوالے سے رویہ افسوس ناک ہے، ہماری مشکل یہ ہے کہ مسلمان بکھرے ہوئے ہیں، مسلم امہ کے حکمران حق قیادت کھو چکے ہیں،غزہ کے معاملے پر عالمی قوتوں کی منافقت پر ہماری آنکھیں کھل جانی چاہیں۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ اسرائیلی فوج اپنی تمام تر طاقت کے باوجود شکست خوردہ ہے، نہتے فلسطینیوں نے اسرائیلی گھمنڈ توڑ دیا ہے اور وہ اپنی سرحدوں کے اندر ہی مقید ہو کر رہ جائے گا۔کانفرنس کے دیگر مقررین میں سید اسد عباس نقوی، آغا احمد نوری اور آغا ضیغم عباس چوہدری شامل تھے۔