وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی کے لئے یوم القدس کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمان اپنے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔ غزہ میں جاری مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم القدس کی ریلی مرکزی جامع مسجد امامبارگاہ کلاں میکانگی روڈ سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوئی۔ جس کی قیادت بزرگ عالم دین علامہ شیخ محمد جمعہ اسدی، علامہ سید محمد ہاشم موسوی، علامہ غلام حسنین وجدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری اور علامہ سہیل اکبر شیرازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پوری دنیا کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنے گھروں سے نکلے ہیں۔ مسلم حکمران اگر فلسطین اور غزہ کے لئے اپنی افواج نہیں بھیج سکتے تو پھر راستہ دیں دنیا بھر کے لاکھوں غیرت مند مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے فلسطین جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی پر عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد جمعہ اسدی نے کہا کہ 40 سال سے کوئٹہ میں یوم القدس کا جلوس نکلتا ہے۔ حکومت یکجہتی فلسطین ریلی میں رکاؤٹ ڈالنے کی بجائے مکمل تعاون کرے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ غزہ میں جاری قتل عام پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ پاکستان غزہ میں جاری ظلم و بربریت روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ اسرائیل غاصب کو ہم ایک انچ زمین دینے کے لئے تیار نہیں۔