وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کے زیر اہتمام تین روزہ مرکزی منجی بشریت کنونشن میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں جوانوں کی شرکت، کنونشن سے مختلف شعبہ جات جن میں مذہبی، سیاسی، تعلیمی، سماجی شخصیات و ماہرین کا خطاب، کنونشن کے اختتام پر علامہ تصور حسین مہدی کو وحدت یوتھ پاکستان کا مرکزی صدر برائے سال 2024-25 منتخب کر لیا گیا۔
کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملت کے پرخلوص، متحرک اور انتہائی فعال نوجوان تصور حسین مہدی کو وحدت یوتھ پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔نوجوان ہماری ملت کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔مجھے یقین کامل ہے کہ نو منتخب صدر نوجوانوں کی تعمیری سرگرمیوں، قومی ترقی اور حب الوطنی کے فروغ کے لیے پوری لگن، بے لوث جذبے اور خلوص نیت کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ معاشرے کا ہر نوجوان ذمہ دار اور باوقار شہری بن سکے۔
کنونشن سے وحدت یوتھ پاکستان کے نو منتخب صدر تصور حسین مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام شرکاء کنونشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جوان کسی بھی معاشرے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کا قوموں کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ہوتا ہے، ملت کے متقی اور باشعور جوان حق وصداقت کی علامت اور پہچان ہوتے ہیں، ہمارے ملک کی اکثریت جوانوں پر مشتمل ہے جن کا تعلیمی و تربیتی اور سماجی و فلاحی کردار ملک و ملت کی اجتماعی ترقی واستحکام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وطن عزیز کے غیر معمولی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ جوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت دے کر بھرپور استفادہ کیا جائے جس کے لیے جوانوں کا آگاہی و شعور کے ساتھ آگے بڑھنا اشد ضروری ہے۔