وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآن کریم مکمل نظام حیات اور انسان سازی کا جامع نصاب ہے۔ اللہ نے جس نظام حیات کو پسند کیا وہ اسلام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک روزہ اسلام شناسی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں علامہ مقصود علی ڈومکی کے علاوہ مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، مولانا ارشاد علی انقلابی نے درس دیا۔ جبکہ ایم ڈبلیو ایم ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، سید لعل شاہ بخاری اور پروفیسر حسین بخش عابدی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ورکشاپ میں "قرآن کریم آئین زندگی" کے عنوان سے درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دین نظام حیات کا نام ہے اور اللہ نے جس نظام حیات کو پسند کیا وہ اسلام ہے۔ اسلام کے علاوہ جتنے بھی نظام زندگی ہیں وہ خداوند متعال کی نگاہ میں ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم مکمل نظام حیات اور انسان سازی کا جامع نصاب ہے۔ جو بنی نوع انسان کو حق و صداقت کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔ قرآن کریم کی نگاہ میں انسان جسم و روح کے مجموعے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر صیہونی قبضہ اور غزہ فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم پر خاموشی جرم ہے۔ آج پوری دنیا کے غیرت مند عوام اسرائیلی و امریکی جارحیت پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر علامہ سیف علی ڈومکی نے احکام، جبکہ مولانا منور حسین سولنگی نے "حضرت امام مہدی علیہ السلام قرآن و حدیث کی روشنی میں" کے موضوع پر درس دیا۔ جبکہ ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے اسلام شناسی ورکشاپس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ہماری نوجوان نسل کو دین اسلام کی بنیادی تعلیمات حاصل کرکے اپنی زندگی دینی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنی چاہئے۔