یونان میں کشتی سانحے پر ایک دن کا فرضی سوگ منانا کافی نہیں بلکہ اس کربناک واقعے پر ٹھوس اور واضح اقدامات اٹھائے جائیں، علامہ احمد اقبال رضوی

21 جون 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ یونان میں کشتی سانحے پر ایک دن کا فرضی سوگ منانا کافی نہیں بلکہ اس کربناک واقعے پر ٹھوس اور واضح اقدامات اٹھائے جائیں، ساڑھے تین سو پاکستانی شہریوں کی جانوں کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے جس پر انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، اس درد ناک واقعے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے، انسانی سمگلروں کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے ساتھ حکومتی متعلقہ اداروں کے افراد کا تعلق انتہائی تشویشناک ہے، ان بااثر افراد پر آخر آج تک ہاتھ کیوں نہیں ڈالا جا سکا، اس سارے معاملے کی شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے اور ان گھناؤنے کرداروں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دگرگوں معاشی صورتحال عوام میں ناامیدی اور مایوسی کا سبب بنتی جارہی ہے، آئے روز قانونی یا غیر قانونی طور پر بڑی تعداد میں لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، جو کہ انتہائی افسوس ناک پہلو ہے، ملک میں مسلسل مہنگائی اور معدوم ہوتے روزگار کے مواقع لوگوں کو اس خطرناک اقدام پر مجبور کر رہے ہیں، یہ لوگ تو ڈوب گئے ہیں، اس طرح کے کئی افراد اب بھی انسانی سمگلروں کے ہاتھوں اپنی زندگی کی جمع پونجی لٹوا کر یرغمال بنے ہوئے ہونگے اور دیگر ممالک میں جانے کے لیے لیبیا، تیونس،مصر اور مراکش میں اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا انتظار کر رہے ہونگے، ہمارے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھنا اس وقت بند ہوں گے جب اس جرم میں ملوث افراد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے اور دیگر مجبور اور بے بس افراد کی نشاندھی کر کے انہیں وطن واپس لایا جائے گا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree