علامہ محمد اقبال نے جس فلاحی اور آزاد ریاست کا خواب دیکھا تھا وہ شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا، علامہ راجہ ناصرعباس

21 اپریل 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ع کے 85 ویں یوم وفات کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں قومی شاعر کو خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال ع کی زندگی پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے، آج ہمارے ملک کو درپیش مشکلات کی بڑی وجہ، اس عظیم فلسفی کی حکیمانہ فکر سے دوری اختیار کرنا ہے، علامہ محمد اقبال نے جس فلاحی اور آزاد ریاست کا خواب دیکھا تھا وہ شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا، شاعر مشرق نے اپنی شاعری سے مسلم قوم میں بیداری کی نئی روح پھونک دی، آپ نے اپنے انقلابی کلام سے برصغیر کے مسلمانوں کو جذبہ آزادی اور اجتماعیت کا درس دیا جس میں خودی اور بیداری کا عنصر نمایاں ہے۔ آپ کے دل میں نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کے لیے درد تھا بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے تڑپ تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان اگر اقبال ع کے فلسفہ خودی کو سمجھ جائیں اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال مثبت انداز میں کریں تو یقیناً کامیابی انکا مقدر ہوگی، شاعر مشرق نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کی بقاء اور تحفظ دراصل رواداری، بھائی چارے اور یگانگت میں مضمر ہے اور انہیں ہمیشہ اس کا ادراک رکھنا چاہیے۔ آپ کی شاعری میں شاہین کا تصور درحقیقت پورے عقل و شعور اور فکر و تدبر کے ساتھ بے، جس میں حریت اور حمیت کا درس پوشیدہ ہے، آج ہمیں بھی اپنے ملک کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے لیے ملی خود مختاری اور آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اقبال ع نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لیے تمام تر نسلی و لسانی اور فرقہ وارانہ تفریق کو بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہونے کی تلقین کی۔ آج بھی ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ علامہ اقبال ع کے فلسفے کو سمجھتے ہوئے وحدت کی فضاء کو قائم رکھنا چاہیے، تاکہ تمام ملک دشمن عناصر اور قوتیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں، ہمیں باہمی اتحاد و یگانگت سے اپنی مادر وطن کو امن کا گہوارہ بنانا چاہیے اور اس کی تعمیر و ترقی اور استحکام کے لیے مخلصانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree