شیعیان حیدرکرارؑ یوم علی ؑ اور یوم القدس کے موقع پر ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں تا کہ ملک وملت کے دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے، علامہ احمد اقبال رضوی

11 اپریل 2023

وحدت نیوز(لاہور) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے پنجاب سیکریٹریٹ میں صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی ، سیکریٹری پنجاب سیکریٹریٹ علامہ ظہیر الحسن کربلائی، آرگنائزر لاہور نقی مہدی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس دو اہم عنوانات یومِ علی علیہ اور عالمی یوم القدس پر مشتمل ہے، عالم اسلام کا عظیم سانحہ جس کے رونما ہونے سے اسلام دین محمدی کو شدید نقصان پہنچا، انیس رمضان المبارک کی صبح مسجد کوفہ میں نماز فجر کے دوران جو ضربت حضرت امام علی علیہ السلام کے سر پر چلائی گئی تھی وہ دراصل اسلام کے تشخص، نظام عدل، شجاعت، بہترین حاکم اور انسانی حقوق کے حقیقی محافظ پر چلائی گئی تھی، کائنات کی وہ عظیم اور پاکیزہ ترین ہستی جن کے فضائل و کمالات بے کراں سمندر ہیں، جس میں جتنا کوئی غوطہ زن ہوتا جائے گا اس قدر علم و معرفت کے بیش بہا خزانے سے مزین ہوتا جائے گا، نفس پیغمبر ص حضرت علی ع جیسی بلند و بالاشخصیت کی فعالیت، حسن کردار، بہترین نظام حکومت اور رہتی دنیا تک عدل و انصاف کی مثالی حکومت کو زیر کرنے کی گھناؤنی سازش ہوئی۔

 انہوں نے کہا کہ شہادت حضرت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے جہاں پوری دنیا میں محبان اہلبیت علیہم السلام جلوس اور عزاداری برپا کرتے ہیں وہاں لاہور،کراچی، اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بھی جلوس عزاء انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد ہوں گے، اس حوالے سے جہاں ہم مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے ان چھوٹے بڑے پیمانے پر منعقدہ جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں، وہاں ہم اپنے مکتب فکر کے افراد سے بھی دست بستہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھتے ہوئے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں تا کہ ملک وملت کے دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

 انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو پورے عالم اسلام میں یوم القدس کی مناسبت سے منایا جاتا ہے جس کا حکم رہبر کبیر حضرت امام خمینی رضوان اللہ نے دیا تھا، یہ دن مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا دن ہے،  جیسا کہ آپ افراد بخوبی آگاہ ہیں کہ اسرائیل نے ماہ مقدس کا بھی احترام نہیں کیا اور مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں پر دھاوا بول دیا ہے، اسرائیل اس وقت ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اسرائیل کی کھلی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں امت مسلمہ کو صدائے احتجاج بلند کرنی چائیے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جس طرح گزشتہ دنوں میں یہ خبریں عالمی اور قومی ذرائع ابلاغ میں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان کی اشیائے خوردونوش کی تجارت شروع کی گئی ہے اور پاکستانی مصنوعات اسرائیل کے بازاروں میں فروخت ہو رہی ہیں، اس کے تمام تر حقائق قوم کے سامنے لائیں جائیں، اس طرح کے قومی جرم کی پاکستانی قوم ہرگز اجازت نہیں دیں گے بلکہ یہ تو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور نظریہ پاکستان کی صریحاً خلاف ورزی ہے جس کے مطابق اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے جسے پاکستان قطعاً تسلیم نہیں کرےگا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی اس پر وضاحت خوش آئند ہے، امید ہے آئندہ اس طرح کے خلاف مملکت کام کو سختی سے روکا جائے گا، اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ عالمی برادری کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ فلسطین و کشمیر میں امن قائم کیے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں امام خمینی رضوان اللہ کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی 23 رمضان المبارک (14اپریل) بروز جمعہ یوم القدس کے سلسلے میں اپنے مظلوم فلسطینی مسلمانوں و دیگر مظلومین جہاں سے اظہار یکجہتی کے طور پر بھر پور منایا جائے گا اور ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے جن کی بھرپور میڈیا کوریج کیلئے آپ تمام محترم صحافی حضرات سے دست بستہ اپیل کرتے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree