وحدت نیوز(بولان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع کچھی بولان کے علاقے حاجی شہر کا دورہ کیا انہوں نے حاجی شہر میں مسجد و امام بارگاہ کے لئے مخصوص پلاٹ کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مسجد اللہ تعالیٰ کی عبادت و عبودیت اور اصلاح معاشرہ کا مرکز ہے۔ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مسجد عبادت کے ساتھ ساتھ تعلیم و اسلامی تربیت کا مرکز ہے۔ ہمیں چاہئے کہ مساجد میں عوامی خدمت اور فلاحی کاموں پر بھی توجہ دیں۔
انہوں نے حاجی شہر کے مومنین کو قومی جماعت ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت کی نمائندہ جماعت ہے جو پورے پاکستان کے کروڑوں عاشقان اہل بیت کو ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہے۔ملت جعفریہ کو اپنے حقوق کے حصول کے لئے ایم ڈبلیو ایم کا ساتھ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک الہی جماعت ہے جو پیغام انبیاء اور اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں کارکنوں کی تعلیم و تربیت میں مصروف ہے۔