وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ارشد شریف ایک نڈر ،بے باک اور باضمیر انسان تھے انکا پردیس میں بے کسی کے عالم میں ہونے والا قتل درد ناک اور تشویشناک ہے۔ ہم مرحوم کے خاندان اور صحافی برادری سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ فیملی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد شریف نے ہمیشہ حق وسچ کے لیے آواز اٹھائی،اصولوں پر سمجھوتا کرنا انہیں گوارہ نہ تھا اور یہی اصول پسندی ہی ان کی ملک چھوڑنے اور موت کی وجہ بنی۔ارشد شریف دو خاندانوں کا واحد کفیل تھا وہ اپنی قوم کے روشن مستقبل کے لیے سوالات اٹھاتا تھا استحصال زدہ طبقے کی محکم آواز تھا جو اختلاف رائے کو پسند نہ کرنے والے مقتدر حلقوں کو کھٹکتے تھے آج ان کے لیے پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخر وطن عزیز کے اندر گھٹن کا ایسا ماحول کیونکر پیدا کر دیا گیا ہے کہ ایک محب وطن پاکستانی کو ملک چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہمارا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ اس اندوہناک واقعے کی آزادانہ طور پر جوڈیشل کمیشن کے ذریعے فوری اور شفاف تحقیقات کروا کر حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور انکی میت کو وطن لائے جانے کے فوری انتظامات مکمل کیئے جائیں۔