ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی نئی مرکزی کابینہ میں شامل اراکین کا تعارف

28 جون 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان، وطن عزیز میں بسنے والے شیعہ مکتب فکر کے پیروکاروں کی نمائندہ مذہبی و سیاسی جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے، جس کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر سطح پر ایک خاص وجود رکھتی ہے اور مذہبی، سیاسی حلقوں میں بھی اپنے خاص تشخص کی حامل ہے۔ چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جماعت کے انٹر پارٹی الیکشن کے بعد کچھ عرصہ قبل نئی مرکزی کابینہ کے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا، اس رپورٹ میں مجلس وحدت مسلمین کی اس نئی نامزد کابینہ کے اراکین کا تعارف اور ان کی ملک و ملت کیلئے پیش کی گئی خدمات کا مختصر خاکہ جاری کیا جارہا ہے۔

چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری:
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین ہیں، ان کا تعلق راولپنڈی کے علاقے شکریال سے ہے، جامعہ الولایہ مدرسے کے سرپرست بھی ہیں۔ جب قم (ایران) سے علم دین حاصل کرنے کے بعد پاکستان آئے تو 2010ء میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی باقاعدہ بنیاد رکھی۔ علامہ سید عارف حسین الحسینی کے دور قیادت کے دوران موصوف تحریک جعفریہ پاکستان سے وابستہ رہے، اس وقت سے ایک انقلابی عالم دین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ملت جعفریہ میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں، اور تشیع کے مابین وحدت کیلئے سرگرم رہتے ہیں۔ ملکی و بین الاقوامی حالات پر بھی انتہائی گہری نظر رکھتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی دیگر خدمات کے ساتھ ساتھ ملت تشیع کے حقوق کی خاطر 87 روز تک کی جانے والی بھوک ہڑتال ایک ناقابل فراموش باب ہے۔ اصولوں کی بنیاد پر سیاست کرنا اور پاکستان میں ملت جعفریہ کو سیاسی لحاظ سے مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی (مرکزی وائس چئیرمین)
علامہ سید احمد اقبال رضوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چئیرمین ہیں، اس سے قبل وہ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری تربیت، مرکزی سیکرٹری تربیت، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل (نائب سربراہ) رہ چکے ہیں۔ موصوف اس وقت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی مجلس نظارت کے رکن بھی ہیں۔ آئی ایس او کے بانی رہنماء شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے داماد ہیں۔ دھیمہ مزاج رکھتے ہیں اور روایتی پروٹوکول کیخلاف ہیں، اس سے قبل بھی انہیں دو مرتبہ ایم ڈبلیو ایم کا نائب سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی لاپتہ افراد کے حوالے سے مختلف تحریکوں میں بھی پیش پیش رہے، انہوں نے اس حوالے سے ایک تحریک کے دوران ازخود گرفتاری بھی پیش کی۔

سید ناصر عباس شیرازی (مرکزی جنرل سیکرٹری)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی پیشہ کے اعتبار سے قانون دان اور لاہور ہائیکورٹ میں پریکٹس کرتے ہیں۔ قبل ازیں وہ ایم ڈبلیو ایم میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات، مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے عہدوں پر بھی کام کرچکے ہیں۔ آج کل ایک تھنک ٹینک بھی چلا رہے ہیں اور اس میں بطور صدر کام کر رہے ہیں جس کا فوکس مشرق وسطیٰ کے حالات کا جائزہ لینا ہے۔ ناصر عباس شیرازی زمانہ طالب علمی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر بھی رہ چکے ہیں، جبکہ انکا بنیادی تعلق پنجاب کے ضلع سرگودھا سے ہے۔ انہوں نے تاریخ، بین الاقوامی تعلقات اور قانون میں ایم فل کیا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کی مرکزی صدارت کے دوران متحدہ طلبہ محاذ کی قیادت بھی کرتے رہے۔ سید ناصر شیرازی ایک تجزیہ کار کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

علامہ اعجاز حسین بہشتی (مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری)
علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی کا تعلق بلتستان سے ہے، وہ ایم ڈبلیو ایم کے آغاز سے تنظیم کیساتھ ہیں۔ نئی مرکزی کابینہ میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری کی ذمہ داری انہیں سونپی گئی ہے۔ قبل ازیں وہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور جوانان، مرکزی سیکرٹری تربیت اور مرکزی سیکرٹری تبلیغات بھی رہے۔ ایک شعلہ بیاں مقرر بھی ہیں اور اپنی تقاریر کی وجہ سے تنظیم میں منفرد اہمیت رکھتے ہیں۔ علامہ اعجاز حسین بہشتی کا تنظیم میں زیادہ تر وقت سیکرٹری امور جوانان کے طور پر گزرا ہے، جس کی وجہ سے وہ نوجوانوں کے ہردلعزیز سمجھے جاتے ہیں۔ ایک محنتی رہنماء کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

سلیم عباس صدیقی (مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری)
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان سے ہے، زمانہ طالب علمی کے دوران امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کیساتھ منسلک رہے۔ آغاز میں سلیم عباس صدیقی قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم ملتان کے رہنماء رہے، تنظیمی طور پر جنوبی پنجاب کو جب علیحدہ صوبہ بنایا گیا تو انہیں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا۔ مرکزی کابینہ میں انہیں پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے سرگرم رہتے ہیں اور انقلابی سوچ کے حامل تنظیمی رہنماء ہیں۔

سید اسد عباس نقوی (مرکزی سیکرٹری سیاسیات)
اسد عباس نقوی کا شمار مجلس وحدت مسلمین کی سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے والے اہم ترین رہنماوں میں ہوتا ہے، زمانہ طالب علمی میں آئی ایس او کیساتھ وابستہ رہے، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے طور پر تنظیمی خدمات سرانجام دینے کے بعد انہیں مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے تنظیم کو سیاسی محاذوں پر کئی کامیابیوں سے ہمکنار کیا۔ ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کی نئی کابینہ میں بھی انہیں سیکرٹری سیاسیات کی ہی اہم ذمہ داری تفویض کی ہے۔ سید اسد عباس نقوی پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے فوکل پرسن بھی رہ چکے ہیں۔

علامہ حسنین عباس گردیزی (مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ)
علامہ سید حسنین عباس گردیزی کو نئی کابینہ میں ایم ڈبلیو ایم کے علماء ونگ مجلس علمائے شیعہ کا مرکزی صدر نامزد کیا گیا ہے، موصوف جامعۃ الرضا اسلام آباد اور نورِ معرفت ادارہ برائے تحقیقات اسلام آباد کے سربراہ بھی ہیں۔ ان کا شمار مجلس وحدت مسلمین کے تاسیسی رہنماوں میں ہوتا ہے، موصوف کی مکتب اہلبیتؑ کیلئے تبلیغی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ علامہ صاحب ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ پالیسی ساز ادارے شوریٰ عالی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ علامہ سید حسنین عباس نے نامزد ہونے کے بعد اپنی تنظیمی ذمہ داری بھرپور انداز میں سرانجام دینے کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کے دورہ جات کا آغاز بھی کردیا ہے۔

ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی (سیکرٹری امور خارجہ)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علمائے امامیہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ایم ڈبلیو ایم کی تاسیس سے تنظیم کے ساتھ ہیں، وہ صوبہ پنجاب کے شہر شاہ پور ضلع سرگودھا سے تعلق رکھتے ہیں، انٹرنیشنل کالج فار اسلامک سائنسز لندن (برطانیہ) کے دمشق کیمپس سے معاشیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ دمشق میں قیام کے دوران علامہ شفقت شیرازی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے دفتر میں تبلیغ کے شعبے کے انچارج کی حیثیت سے ایک دھائی سے زیادہ عرصہ ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ مختلف ذرائع ابلاغ پر انکی تحریریں اور مقالے بھی شائع ہوتے رہتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ وہ عالمی فورم مجمع جہانی اہلبیتؑ کے رکن مجمع عمومی، سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور انٹرنیشنل اسمبلی برائے سپورٹ ریزسٹنس آپشن کے ایگزیکٹو کونسل کے رکن بھی ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی (مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی)
علامہ مقصود علی ڈومکی کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد سے ہے، اس وقت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور تنظیم سازی ہیں، قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل اور اس سے پہلے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ تنظیم میں ایک فعال رہنماء کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں، خاص طور پر سندھ میں ایک جانی پہنچانی مذہبی شخصیت کے طور پر اپنا مقام رکھتے ہیں۔ بطور ترجمان ایم ڈبلیو ایم ذرائع ابلاغ میں اپنی جماعت کا موقف انتہائی مدلل انداز میں بیان کرتے رہے ہیں۔ شائد اسی فعالیت کی بنا پر انہیں شعبہ تنظیم سازی و توسیع تنظیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

علامہ اقتدار حسین نقوی (مرکزی سیکرٹری روابط)
علامہ سید اقتدار حسین نقوی کا بنیادی تعلق شور کوٹ، ضلع جھنگ سے ہے، تاہم گذشتہ 25 سالوں سے ملتان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وہ ایک خطیب ہونے کیساتھ ساتھ امام جمعہ بھی ہیں، اپنی خطابت کے حوالے سے مسلسل پابندیوں کا شکار بھی رہے ہیں۔ علامہ اقتدار حسین نقوی مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان اور پھر جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ نئی نامزد مرکزی کابینہ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انہیں مرکزی سیکرٹری روابط کی ذمہ داری دی، تاہم اس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے، تاہم ابھی جماعت کی جانب سے یہ نہیں طے ہوا کہ وہ مرکزی کابینہ میں خدمات سرانجام دیں گے یا بطور صوبائی صدر جنوبی پنجاب۔

ملک اقرار حسین (مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نئے مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین علوی کا بنیادی تعلق ضلع جہلم کے علاقہ دینہ کے معروف مذہبی گھرانے سے ہے، وہ ایم ڈبلیو ایم کے تاسیسی رہنماوں میں شمار ہوتے ہیں، ملک اقرار حسین ایم ڈبلیو ایم میں اس سے قبل مختلف مرکزی عہدوں پر ملی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف فلاحی امور میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ معروف بزرگ عالم دین علامہ غلام حر شبیری ان کے بڑے بھائی ہیں۔ ملک اقرار حسین کو تنظیم کے اہم سالانہ پروگرامات بشمول سالانہ کنونشن اور برسی شہید قائد علامہ عارف الحسینی کے اجتماعات کے حوالے سے جب بھی اضافی ذمہ داری دی گئی انہوں نے اسے احسن طریقہ سے سرانجام دیا۔

عارف حسین الجانی (مرکزی سیکرٹری تعلیم)
عارف حسین علی جانی مجلس وحدت مسلمین کی نئی مرکزی کابینہ میں سیکرٹری تعلیم کے طور پر نامزد ہوئے ہیں، اس سے قبل گذشتہ کابینہ میں مرکزی معاون امور تنظیم سازی کی ذمہ داری نبھا رہے تھے، ان کابنیادی تعلق گلگت کے علاقے نگر سے ہے۔ عارف حسین علی جانی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی  سے بین الاقوامی تعلقات میں بی ایس کر چکے ہیں۔ آئی ایس او میں پہلے ڈویژنل صدر گلگت اور مرکزی سیکرٹری جنرل اور دو دفعہ مرکزی صدر کی زمہ داری پر رہے ہیں۔ عارف حسین علی جانی اس وقت قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بین الاقوامی تعلقات میں ایم فل کر رہے ہیں۔ عارف علی کی صورت میں ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ میں ایک نوجوان کا اضافہ ہیں۔

ترتیب و تدوین: سید عدیل عباس زیدی



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree