وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان اور کنوینئر نصاب کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں یکساں قومی نصاب کے متنازعہ نکات کی اصلاح اور نظر ثانی پر مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متنازعہ نصاب کی اصلاح فوری ضرورت ہے اس سلسلے میں ملت جعفریہ کے علما و اکابرین سب ایک پیج پر ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے نصاب کے قابل اعتراض نکات کے حوالے سے وائٹ پیپر شائع کیا ہے جبکہ ہم جلد ہی اس موضوع پر شیعہ قومی کانفرنس بلا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ متنازعہ نصاب کے قابل اعتراض نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے ہم نے مجوزہ تبدیلی کا ڈرافٹ تیار کرکے متعلقہ شخصیات اور حکومتی اداروں کو دیا ہے۔ امت مسلمہ کے درمیان صدیوں سے رائج مسنون درود شریف کو کیوں تبدیل کیا گیا ؟کیا قومی اسمبلی کی ایک متنازعہ قرارداد کے ذریعے احکام دین کو بدلا جاسکتا ہے؟