وحدت نیوز(اسلام آباد )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامت کے چوتھے تاجدار سید الساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر تمام محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام برحق نے باطل کے خلاف عزم و حوصلے کی جو مثال قائم کی وہ تاریخ میں نہیں ملتی۔دربار یزید میں اسیری کے باوجود دو ٹوک انداز میں بلا خوف و خطر حق و باطل کا فرق بیان کرنا اس امر کی دلیل ہے کہ خدا کے حقیقی بندوں کے دل میں سوائے اللہ کے اور کسی کا خوف نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا دور عصر کی طاغوتی و استعماری طاقتوں کے رعب و دبدبے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کا حوصلہ امام سجاد علیہ السلام کے علم و معرفت سے ملتا ہے۔عالم استکبار سب سے زیادہ خوفزدہ اہلبیت ع کے ماننے والوں سے ہیں اور ان مذموم عناصر کے سب سے زیادہ خطرناک عزائم ملت تشیع کے خلاف ہیں ۔ہم خالق دوجہاں کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے کہ اس نے ہمارے قلوب کو آئمہ اطہار علیہم السلام کی محبت سے روشن کر رکھا ہے۔یہ اس محبت کا کرشمہ ہے کہ حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کرتے ہوئے ایک لحظہ بھی کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی میں انقلابی اور مثبت تبدیلی لانے اور دعا و مناجات کو موثر بنانے کے لیے ہر محب اہلبیت ع کو صحیفہ سجادیہ سے استفادہ کرنا ہوگا۔