وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میوزک کنسرٹ کے سرکاری سطح پر انعقاد کو امت مسلمہ کے وقار پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مقدس سرزمین کے تقدس کو پامال کرنے کی دانستہ کوشش پرآل سعود کے خلاف امت مسلمہ کو بھرپور آواز اٹھانی چاہئے۔عیاش حکمران اپنے آپ کو الحرمین الشریفین کا خادم کہہ کر مسلمانوں کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتے۔دین اسلام کی اس تضحیک پر عالم اسلام کے سکوت کو مجرمانہ خاموشی اور یہود وہنود کی بالادستی تسلیم کرنے کے مترادف سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ لکھے ہوئے پرچم کو رقاصاؤں کے ذریعے ناچ گانے کی تقریب میں لہرایا جانا اسلام کی توہین ہے۔عالمی استعماری قوتیں ان مسلمان حکمرانوں کے ذریعے اسلام کی تضحیک میں مصروف ہیں جو اپنے آپ کو امت مسلمہ کا عالمی چمپئن سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انبیاء کی سرزمین پر ممنوعات اور غیر شرعی سرگرمیوں کا اجراء مسلم امہ کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔دجالی قوتیں مسلمانوں سے ان کی قوت ایمانی چھیننے کے لیے اپنے تمام تر وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مغربی کلچر کے فروغ اور پرتعیش رہن سہن کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ حلال حرام کی تمیز کو ختم کیا جا سکے۔یہی سے مسلمانوں کے زوال کا آغاز ہوتا ہے۔ہمیں اسلامی قدروں کو زندہ رکھنے کے لیے حق کی حمایت اور باطل کے خلاف آواز بلند کرتے رہنے کا نام ہی اسلام ہے۔