وحدت نیوز(نوابشاہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے نواب شاہ میں مدرسہ بہشت زھراء کی طالبات سے خطاب کیا اور ایم ڈبلیو ایم ضلع بے نظیر آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سجاد حسین محسنی و تنظیمی دوستوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلعی ڈپٹی سیکرٹری ارشاد علی لیکھی سیکرٹری روابط مولانا اشفاق حسین حسینی و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا انسان سے پہلا خطاب اقرا یعنی پڑہ سے شروع ہوا اور قرآن کریم کی سورۃ قلم کے آغاز میں پروردگار عالم نے قلم اور تحریر کی قسم اٹھا کر اس کی عظمت و فضیلت کا اعلان کیا۔ کتاب اور قلم کا انسانی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ہے اسی لئے اللہ تعالیٰ نے آسمان سے کتابیں نازل کیں۔
انہوں نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کے لئے تعلیم و تربیت لازمی عنصر ہے۔ مجلس وحدت مسلمین اصلاح معاشرہ کے لئے مصروف عمل ہے اس لئے ہمیں تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے سول ہاسپیٹل نواب شاہ میں زیر علاج شاھنواز خان ڈومکی کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔