وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق ترجمان وزیر اعظم عمران خان ندیم افضل چن نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے قائد نے کہا کہ ریاست کی کمزوری ملک دشمن طاقتوں کے لیے نفع بخش ثابت ہوتی ہے۔ آئین کی بالادستی کے بغیر مضبوط ریاست کا تصور خوش خیالی ہے۔موجودہ حکومت کے کالعدم جماعتوں کے ساتھ مفاہمانہ طرز عمل کو کسی بھی اعتبار سے حوصلہ افزا قرار نہیں دیا جا سکتا۔ وطن عزیز کو ستر ہزار لاشوں کا تحفہ دینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔اس طرح کے فیصلے حکومت کی ساکھ کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات،عزاداری پر غیر قانونی پابندیوں،عزاداران کے خلاف مقدمات کے اندراج اور فرقہ وارنہ مسلکی نصاب تعلیم کے حوالے سے ہمارے موقف اٹل اور بالکل واضح ہے۔ملک و قوم کا مفاد ہمیں ہر شے پر مقدم ہے۔جو بھی حکومت ملت تشیع کی مذہبی آزادی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرے گی ہم اس کی مخالفت میں کھڑے نظر آئیں گے۔
ملاقات میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد نقوی بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی شوری عالی، مجلس عاملہ اور مرکزی کابینہ کے فیصلوں کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ سیاسیات کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائدین کی ملاقاتوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔