وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سلسلہ امامت کے گیارہویں تاجدار حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کا وجود ہر دور میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کا منبع رہا ہے۔امام حسن عسکری علیہ السلام نے اسلام کی حقیقی تعلیمات کی اس دور میں حفاظت کی جب اسلام کی اصل صورت مسخ کی جا رہی تھی۔ ملوکیت کے سائے گہرے اور ہر طرف جبر و ظلم کی حاکمیت تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب حق گو زبانیں حاکم کے خوف سے حق بیان کرنے سے قاصر تھیں تب بھی امام برحق نے اپنے اجداد کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے حق و صداقت کے دامن کو ہاتھ سے جانے نہ دیا۔یہ آئمہ اطہار علیہم السلام کی موجودگی ہی تھی جس سے اسلام پر ہونے والے ہر وار کا کاری جواب دیا گیا اور اس کی ہیت بدلنے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی دیکھنا پڑی۔ہر فاسق حکمران کے گھٹن زدہ دور میں خاندان نبوت ہی وہ واحدگھرانہ تھا جس کی آغوش میں دین پرستوں کو اطمینان و حوصلہ ملتا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی اگر عالم استکبار سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو آئمہ اطہار علیہم السلام کی تعلیمات و سیرت کو اپنانا ہو گا۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے تمام محبان اہلبیت ؑ کو یوم ولادت حضرت حسن عسکری علیہ السلام کی مبارکباد بھی دی۔