وحدت نیوز (اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل میں شامل مذہبی جماعتوں کے ایک اہم اجلاس کا انعقاد جماعت اسلامی کے دفتر میں ہوا جس میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ثاقب اکبر سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور مذہبی جماعتوں کے کردار کو زیر بحث لایا گیا۔سترہ ربیع الاول کو کنونشن سینٹر میں ”پیغمبر اعظمﷺ مرکزوحدت مسلمین کانفرنس“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بعد ازاں ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پیغمبر اعظمﷺ مرکزوحدت مسلمین کانفرنس“ کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔24 اکتوبر بمطابق سترہ ربیع الاول سہ پہر دو بجے کنونشن سینٹر میں تقریب کا آغاز ہو جائے گا جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری مہمان خصوصی ہوں گے۔ملک کی مختلف مذہبی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گے اور ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔