وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے ایک کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کرنے والی حکومت کے دور میں بے روزگاری میں اضافہ تشویشناک ہے۔ پی ٹی آئی کے تین سالہ دور اقتدار میں قمر توڑ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ غریب کے لئے تین وقت کی روٹی کا حصول مشکل بن چکا ہے۔ غریب کی فاقہ کشی کا درد حکمرانوں کو محسوس کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف حکمران غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کریں۔ بلند و بالا دعووں اور خوشنما وعدوں اور دعووں کے ستائے غریب عوام حکمرانوں سے اپنے درد کی دوا چاہتے ہیں۔ اب حکمرانوں کا یوم حساب آگیا ہے وہ عوام کو اپنے تین سالہ دور اقتدار کی کارکردگی سے مطمئن کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنا وعدہ وفا کرتے ہوئے پچاس لاکھ لوگوں کو گھر فراہم کرے۔ حکومت اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے وزراء مشیروں اور بیوروکریٹس کے شاھانہ اخراجات میں کمی کرتے ہوئے اسے عوامی فلاح پر خرچ کرے۔
در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی عزاداری سیل کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی صوبہ پنجاب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوگئے وہ لاہور میں تنظیمی اکابرین سے ملاقات کریں گے اور ایام عزا میں درج ہونے والے مقدمات کے حوالے سے میٹنگ کریں گے اور صوبہ پنجاب کی صوبائی شوری کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔