وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کےستون ، بزرگ مرجع تقلید اور حکیم خاندان کی علمی میراث کے وارث آیت اللہ العظمیٰ سید محمد سعید الحکیم (قدس سرہ)کے سانحہ ارتحال پر افسوس و تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ خصوصامکتب اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں کو مرجع دینی آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد سعید الحکیم (قدس سرہ ) کی افسوس ناک رحلت کی خبر سے صدمہ ہوا ۔آپ کی شخصیت بے پناہ صفات کا مجموعہ تھی۔آپ نے اپنی ساری زندگی علوم محمد و آل محمد علیھم السلام کی تبلیغ و ترویج اورحوزہ علمیہ میں علما ء و طلباء کی تعلیم و تربیت میں صرف کی۔آپ کا بے مثال زہد وتقوی اور وجود ہم سب کے لیے باعث برکت تھا۔ان کا انتقال ملت اسلامیہ کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے،ایسی عظیم القدر شخصیات مدتوں میں پیدا ہوتی ہیں۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید محمد سعید الحکیمؒ کی علمی و دینی کاوشوں کو صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔میں دکھ کی اس گھڑی میں ملت تشیع پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے تمام اراکین کی جانب سے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مراجع عظام و تمام علماء کی خدمت میں اور بالخصوص مرحوم کے اہل خانہ و پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتا ہوں۔دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم سوگواران کے ساتھ کھڑی ہے۔سید بزرگوار کی بلندی درجات اور سوگواران کے صبر کے لیے دعاگو ہوں۔