وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی عزاداری سیل کا اہم اجلاس مرکزی چیئرمین عزاداری سیل علامہ مقصود علی ڈومکی اور وائس چیئرمین انصر عباس کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین، صوبائی مسئولین اور عزاداری سیل کے صوبائی نمائندگان شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں خصوصاً پنجاب میں عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے، مجلس وحدت مسلمین قوم کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے عزاداروں اور عزاداری کے تحفظ کے لئے قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام کے خلاف یزیدی ٹولے کی سازشوں پر گہری نظر ہے۔ عزاداروں کے خلاف درج ایف آئی آر ہماری مذہبی آزادی پر حملہ ہے، یہ مقدمات واپس لئے جانیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تکفیری ٹولے کی جانب سے شیعہ مقدسات اور اہل بیت علیھم السلام کی توہین ناقابل برداشت ہے، ریاستی ادارے شرانگیز عناصر کی جانب سے ملک میں فرقہ واریت کے فروغ کا نوٹس لیں، جو ایک دفعہ پھر وطن عزیز پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان اور مرکزی عزاداری سیل کے چیئرمین کی حیثیت سے علامہ مقصود علی ڈومکی صوبہ پنجاب کا تین روزہ دورہ کریں گے، دورے میں تنظیمی مسئولین، عزاداروں، انجمنوں اور علماء کرام سے ملاقات کریں گے اور وسیع پیمانے پر درج شدہ مقدمات کے حوالے سے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دورے کا مقصد عزاداروں کیخلاف درج سینکڑوں مقدمات کے حوالے سے احتجاج ریکارڈ کرانے کے ساتھ ساتھ قومی لائحہ عمل پر مشاورت ہوگا۔