وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملت جعفریہ کے مرحوم قائد علامہ مفتی جعفر کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری قوم کی یہ خوش بختی ہے کہ اس نے ایسی جرات مند، باحکمت و بابصیرت اور درویش صفت قیادت کا دور بھی دیکھا جس کی حکیمانہ فکر و تدبر اور نڈر طرز عمل سے ضیا ءجیسے آمر بھی خوفزدہ تھے۔جو قوم کو متحد رکھنے کا ہنر جانتے تھے۔جسے بڑے سے بڑے ڈکٹیٹر کے سامنے کلمہ حق کہنے اور اپنے اصولی و اخلاقی موقف کو منوانے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر کے قائدانہ اوصاف ناقابل شمار ہیں ان کا ہر عمل حکمت سے بھرپور اور ان کا ہر قول اپنے اندر لاتعداد مفاہیم سمیٹے ہوئے تھا۔ان کی شخصیت زندگی کے مختلف پہلوؤں سے مزین تھی۔ ضیا الحق نے جب شیعہ عقائد سے متصادم قانون کی منظوری دینی چاہئیے تو مفتی جعفر کی ایک آواز پر پوری قوم آمر حکومت کے خلاف اسلام آباد میں جمع ہو گئی اور حکومت کو مجبوراً گھٹنے ٹیکنا پڑے۔اس عظیم قائد کی برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین نے اپنے مرکزی،صوبائی اور ضلعی دفاتر میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد بھی کیا۔