وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے اسلامک ریسرچ سینٹر فیڈرل بی ایریا کراچی میں دفاع عزاداری کانفرنس خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ عزاداری امام حسین (ع) انسان کا شعور بیدار کرتی ہے، عزاداری انسان کو آگہی فراہم کرتی ہے، ہم ہر قسم کی قربانی دے سکتے ہیں لیکن عزاداری سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ری برتھ آف مڈل ایسٹ کے منصوبے کی آڑ میں خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس سال کا محرم الحرام بہت حساس حالات میں ہے اور ہمارے لئے آزمائش ہے، پاکستان بھر میں شیعہ جوان اہل سنت کو ساتھ ملا کر مساجد و امام بارگاہوں کی حفاظت کی ذمہ داری لیں، ہمیں اپنے منبر کو حکیمانہ انداز میں استعمال کرنا ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ قرآن و سنت اور حدود الہیٰ سے متصادم قانون سازی ہو رہی ہے، اسلامی تعزیرات کو تبدیل کیا جا رہا ہے، حکمران اس ملک کو مسلکی پاکستان میں تبدیل نہ کریں بلکہ اسے مسلم پاکستان رہنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی کے درمیان وحدت کو فروغ دینا ہوگا، منبر کے غلط استعمال کو روکنا ہوگا اور اسے مولا حسینؑ کے عزاداروں کو جوڑنے کیلئے استعمال کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بارڈر پر مدارس کی آڑ میں القاعدہ اور داعش کی چھاؤنیاں بنائی جا رہی ہیں، امریکا ایک شیطان ہے، اس کا خطے میں آنا بھی فتنے کیلئے تھا اور جانا بھی فتنے کیلئے ہے۔