وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن ایاز بلوچ سے ملاقات کی اور ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر ان سے تعزیت کی اور فاتحہ پڑھی۔اس موقع پر ایاز بلوچ نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو اپنے والد بشیر احمد بلوچ کی لکھی ہوئی کتاب میر کمبرئے داستان سبزیں سگار کا تحفہ پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کرپشن فری پاکستان ضروری ہے۔ حکمرانوں کے بلند و بالا دعوؤں کے باوجود کرپشن فری پاکستان ابھی تک ایک خواب ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایاز بلوچ نے کہا کہ ہم کرپشن کے خاتمے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر اس سلسلے میں محکمہ انٹی کرپشن کے پاس مطلوبہ وسائل اور اختیارات کی کمی ہے۔ بد قسمتی سے کرپشن معاشرے کی رگوں میں سرایت کر چکی ہے۔اس موقع پر ایاز بلوچ نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو کتاب کا تحفہ دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں کتاب کے مطالعے کی عادت علم و شعور کی ترقی کا باعث ہے۔