وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب تک اسرائیل کا ناپاک وجود کرہ ارض پر موجود ہے تب تک دنیا پر تیسری عالمی جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔ گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھنے والی اس غاصب ریاست پر تباہی کے بادل منڈلانے شروع ہو گئے ہیں۔مسلمانوں کے قبلہ اول کی آزادی ہماری نئی نسل خود اپنی آنکھوں سے دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب ایران سے قبل مسئلہ فلسطین کے ساتھ مسلمان حکمران غیر سنجیدگی ظاہر کرتے رہے ہیں۔ امام خمینی نے پوری دنیا میں یوم القدس منانے کا اعلان کر کے نہ صرف فلسطینی قوم کے عزم واستقامت کو تقویت دی ہے بلکہ اسرائیل اور اس کے حواریوں کی صفوں میں خوف پیدا کیا ہے۔ایک محدود زمینی ٹکرے کو یہود و نصاری مل کر گریٹر اسرائیل میں بدلنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہیں۔فلسطینی مسلمانوں کی بھرپور مزاحمت اور بلند حوصلوں نے اسرائیل کو پسپا کر رکھا ہے۔فلسطینی مسلمان اور ان کا ساتھ دینے والی عالمی طاقتوں کی بصیرت و حکمت کے نتیجے میں ڈیل آف سنچری کسی لاغر نومولود کی طرح اپنے ابتدائی ایام میں ہی دم توڑ گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خدا کی غیبی طاقت ان مسلمانوں کا ساتھ دے رہی ہے جو باطل کے مقابلے میں ڈٹ کر حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسرائیل کی تباہی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔دنیا کے ممتاز کاروباری اسرائیل کو چھوڑ کر اپنی ریاستوں میں واپس پلٹ رہے ہیں۔اسرائیل پہلے صرف ایران کو اپنے لیے خطرہ سمجھتا لیکن اب یمن سمیت دیگر اسلامی ریاستوں کے خوف نے اس کو ہواس باختہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا عالم اسلام کے حکمران یوم القدس کو سرکاری دن کے طور پر منانے کا اعلان کر کے قبلہ اول سے اپنی وابستگی کا اظہار کریں۔