وحدت نیوز(نصیر آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈیرہ مراد جمالی میں ضلع نصیر آباد کے ڈپٹی کمشنر جناب اظہر شہزاد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے جناب اظہر شہزاد کو سیر ت امام حسین علیہ السلام اور تحریک کربلا پر مبنی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں ہمیں معاشرے کے غریب اور نادار طبقات کو مدنظر رکھنا چاہیے اللہ تعالی نے ہمیں یہ توفیق عطا کی ہے کہ ہم اہل خیر حضرات کے تعاون سے مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب اور قلم علم اور ترقی کی علامت ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ لائبریریوں کے فروغ پر توجہ دے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جناب اظہر شہزاد نے کہا کہ ماہ رمضان میں مستحق لوگوں کے درمیان راشن کی تقسیم قابل تحسین عمل ہے حکومت اور انتظامیہ اس کار خیر میں ضرور تعاون کرے گی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی رہنما سید عبدالقادر شاہ، سید شبیر علی شاہ کاظمی، مدرسہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ مشتاق حسین عمرانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔