وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر پولیس کی طرف سے آنسو گیس شیلنگ کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کو کُشتی کا اکھاڑہ بنانا کسی بھی طور مناسب نہیں۔کسی بھی جمہوری ریاست کے باسیوں کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا آئینی حق حاصل ہے۔مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ایک اصولی مطالبہ ہے جسے پورا کیا جانا چاہیے۔ حکومت سرکاری ملازمین کے ساتھ محاذ آرائی سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔مقتدر اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسی پالیسیاں وضع کرے جس سے سرکاری ملازمین سمیت عام طبقے کو بھی ریلیف حاصل ہو سکے۔
انہوں نے کہا معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے ہی حل کرنا سب کے مفاد میں ہے۔ ریاستی اداروں کے مابین تصادم کسی بھی لحاظ سے درست نہیں۔حکومت گرفتار شدگان کو رہا کر کے سرکاری ملازمین کے جائز و اصولی مطالبات کو تسلیم کرے۔