وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حق خود ارادیت اور جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے پوری قوم کو کشمیری بھائیوں کی حمایت میں یک زبان ہو کر آواز بلند کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقعہ پر عالمی سطح پر تقریبات کے انعقادکیا جائے گا تاکہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی بربریت کو اقوام عالم پر آشکار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر کی اس حقیقی قیادت کے ساتھ کھڑے ہونا ہو گا جس کی جڑیں کشمیر میں ہیں۔کشمیریوں کو مضبوط کرنا ہو گا۔وہ کسی ڈکٹیشن پر عمل کی بجائے زمینی حقائق اور علاقائی ضرورتوں کے مطابق فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدل کے نفاذ کے لیے جدوجہد الہی فریضہ ہے۔انبیاء کو اسی مقصد کے لیے مبعوث کیا گیا ہے۔یمن ،فلسطین اور روہنگیاسمیت دنیا بھر کے مظلومین کا ساتھ دے کر ہم سب کو شرعی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ریاستی اداروں کے ہاتھوں کشمیر میں آئے روز نوجوانوں کے اغوا، خواتین کی عصمت دری کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ پوری کشمیری قوم کو بدترین محاصرے میں زندگی گزارنی پڑ رہی ہے۔ایسے روح فرسا واقعات پر عالمی اداروں کی خاموشی ان کے دوہرے معیار کی دلالت کرتی ہے جو انسانی حقوق کے ان اداروں کی تشکیل کے فلسفے کے بھی منافی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سرمایہ دار طبقے نے ہمیشہ انسانی حقوق کا استحصال کیا اور ذاتی مفادات کو فوقیت دی۔ہمارے عوام کو مظلومین کشمیر کی حمایت میں ہر سطح پر آواز بلند کرنا چاہیئے۔عالمی تقاضوں اور ضرورتوں کے پیش نظر حکومتیں کبھی کبھار مصلحت کا شکار ہو جاتی ہیں لیکن عوامی دبائو انہیں درست سمت میں چلنے پر مجبور کر سکتاہے۔ہم کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ دین اسلام کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔ہم انہیں درندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔جو طاقتیں ملک میں بدامنی،فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلا کر ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں ان کا مقصد عالم اسلام کو درپیش مسائل سے ہمیں دور رکھنا ہے ۔ہمیں ان کی سازشوں کا دانش و بصیرت سے ناکام بنانا ہو گا۔