وحدت نیوز (گلگت) وحدت اور انصاف کا دور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کادور ہوگا۔مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کے اتحاد کا ہدف گلگت بلتستان کی عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہے۔ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااور نومنتخب صوبائی وزراءراجہ زکریا مقپون اور سہیل عباس شاہ کی تقریب حلف برداری کے بعدایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکریٹریٹ گلگت آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے قائدین نے اسی ہدف کیلئے الیکشن سے قبل سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے کیا اور الحمد للہ کامیاب رہے۔اس اہم کامیابی کا سہرہ مجلس کی مرکزی قیادت ، گلگت بلتستان کی قیادت، اور سرگرم عمل رہنے والے رہنماؤں کو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آغا علی رضوی ، آغا نیئرعباس مصطفوی اور ایم ڈبلیو ایم کےدیگر رہنما اس اہم کامیابی کےسرتاج ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ کامیابی ہماری کامیابی ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے لئے کڑا امتحان بھی ہے۔ ہمارا ہدف اس امتحان میں سرخرو ہوکر عوام کی خدمت ہونی چاہئے۔
پی ٹی آئی کے نومنتخب وزراء راجہ زکریا مقپون اور سہیل عباس شاہ نے ایم ڈبلیوایم کے اراکین کی کامیابی پر مبارک پیش کی اور گلگت بلتستان کے محروم ومحکوم عوام کے بہتر مستقبل کے لئے مل کر جدوجہد کرنے کا عزم کیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم، رکن اسمبلی شیخ اکبر رجائی ، علامہ شیخ نیئرعباس، ،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی الیاس صدیقی، غلام عباس ویگر رہنما بھی موجود تھے ۔