وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے جسے کسی قیمت پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا پاکستان کے غیرت مند مسلمان تحریک آزادی بیت المقدس اور آزادی فلسطين کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔قائد اعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ سر زمین فلسطین کی آزادی کے حامی تھے اور پاکستان نے پہلے دن سے لے کر اب تک سرکاری اور عوامی سطح پر فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دیا ہے اور اسرائیل کو ہم ایک غاصب اور ناجائز ریاست سمجھتے ہیں اسرائیل امت مسلمہ کے پاکیزہ جسم میں ایک کینسر کا پھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عرب ریاستوں نے غاصب اسرائیل کو تسلیم کر کے امت مسلمہ اور قبلہ اول سے خیانت کی ہے اور تحریک آزادی فلسطين کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے جو کہ ایک ناقابلِ معافی جرم ہے عرب شیوخ امریکی غلامی میں اپنی غیرت اور شرافت کا سودا کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی فلسطین اور تحریک آزادی کشمیر دونوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے جب کہ ہم اسرائیل اور انڈیا کے گٹھ جوڑ کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے پوری دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمان اپنی شرعی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے تحریک آزادی فلسطین و کشمیر کے حق میں آواز بلند کریں عرب شیوخ نے ایک طرف بیت المقدس اور فلسطین کا سودا کیا تو دوسری طرف انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بھی شرمناک رویہ اختیار کیا۔ امت مسلمہ کو ان خاٸن عرب حکمرانوں سے کسی خیر کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد ایم بی ایس بادشاہت کا منصب حاصل کرنے کے لیے تمام جائز و ناجائز طریقے استعمال کر رہا ہے مخالفین کا قتل عام حبس بیجا سے لے کر اسرائیل کو تسلیم کرنا اسی منحوس منصوبے کا حصہ ہے۔