وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے عظمت مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت سید الانبیاء محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ آپ کی ذات گرامی دنیائے اسلام کے لئے نقطہ اتحاد و وحدت ہے ہم حضور اکرم کے نقش قدم پر چل کر دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید الانبیاء کی ذات گرامی عالم انسانیت کے لیے لئے رہبر اور رہنما ہے آج کی پریشان انسانيت سیر ت مصطفی اپنا کر تمام مشکلات سے نجات پا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اتحاد بین المسلمین اور عشق مصطفی کا مہینہ ہے۔ عید میلاد النبی کے جلوسوں میں شیعہ سنی مسلمان متحد ہوکر آقائے دو جہاں حضرت سید الانبیاء سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی کفر چاروں طرف سے دین مصطفی پر حملہ آور ہے لہذا اسلام دشمن شیطانی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لئے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد وقت ضرورت ہے وطن عزیز پاکستان میں ایک سازش کے تحت اختلاف اور انتشار کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انسان دشمن عالمی سامراجی قوتیں لڑاو اور حکومت کرو جیسے شیطانی منصوبے کے تحت فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے کر برادر کشی کرانا چاہتی ہیں۔ سرکار مصطفی کے غلام اتحاد اور اخوت کی قوت سے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیں گے۔