وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ملک بھر میں عزاداری امام حسین علیہ السلام کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت ہے۔ پاکستان کا آئین اور قانون ہمیں مذہبی آزادی اور اپنے عبادتوں کو انجام دینے کی بھرپور ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے درج کئے گئے مقدمات ہماری مذہبی آزادی پر حملہ ہیں اور پاکستان کے آئین میں بیان کردہ مذہبی آزادی سلب کرنے اور آئین سے بغاوت کے مترادف ہے۔ ہزاروں بے گناہ مومنین پر مقدمات قائم کرکے کے یہ میسیج دیا گیا ہے کہ اس ملک میں مذہبی آزادیوں پر قدغن ہے جو ہمیں کسی صورت بھی قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ فوراً مقدمات کو واپس لے عزاداری امام حسین علیہ السلام کی حفاظت کے لئے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حکمرانوں سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ پاکستان کے گلی کوچوں میں جنہوں نے جلسے کر کے یزید ملعون کے لیے زندہ باد کے نعرے لگائے اور نفرت انگیز تقریریں کیں ان کے خلاف کتنے مقدمات درج ہوئے۔