وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سےراولپنڈی صدرہاتھی چوک دھماکےاور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی نے کہا کہ شر پسند عناصر ملک کی سلامتی کے خلاف ایک بار پھر متحرک ہو رہے ہیں،شدت پسندی کا خاتمہ تکفیری رجحان کے خاتمے سے مشروط ہے،دھماکے کے ذمہ داران اور سہولت کار عبرت ناک سزاؤں کے مستحق ہیں،عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
بعدازاں ناصرشیرازی نے ایم ڈبلیوایم ضلع راولپنڈی کے سیکریٹری جنرل علامہ سید علی اکبر کاظمی ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والے مسجد فاطمیہ کے پیش امام مولانا خرم ملتانی سمیت دیگر زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پرناصرشیرازی نے کہاکہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو مکمل طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔