وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عصرحاضر کو عصر خمینی رح کہنا چاہئے کیونکہ حضرت امام خمینی رح نے عالمی سامراجی نظام کو بے نقاب کیا اور اس کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا آپ نے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی انقلاب بپا کیا جو نور بن دنیا میں روشنی پھیلا رہا ہے۔ امام خمینی رح کی انقلابی فکر نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں احیاء اسلام کی فکر بیدار کی۔ فکر خمینی رح کو جغرافیائی سرحدیں محدود نہ کر سکیں بلکہ فکر خمینی عالمگیر تحریک میں بدل چکا ہے۔
انہوں نےکہا کہ فکر امام خمینی رح امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے اور امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل ہے۔ آپ نے عوام کی طاقت سے انقلاب بپا کیا اور اسلامی نظام کو انتخابات اور جمہوری اصولوں پر استوار کیا۔ انقلاب اسلامی رہبر معظم صدر پارلیمنٹ مجلس خبرگان سمیت اہم ذمہ داران باقاعدہ صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں جو انقلاب اسلامی کے عوام پر اعتماد کی بین دلیل ہے۔
انہوں نےکہا کہ امام خمینی نے اقتدار کی بجائے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی اور الہی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ آپ نے ہمیشہ ظالم استکباری قوتوں کی مخالفت کی اور ہمیشہ مظلوم و مستضعف انسانوں کی حمایت کی۔ اخلاص اور رضائے الہی کا حصول ان کا بنیادی مقصد تھا۔ آپ نے بحیثیت حکمران زاہدانہ زندگی گذاری آپ کے سیرت و کردار سے کردار انبیاء کی خوشبو آتی ہے۔ امام خمینی رح کی شخصیت اور کردار کی صداقت و عظمت ہر گذرتے دن کے ساتھ دنیا کے سامنے مزید آشکار ہوگی۔