وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ 23 تا 27 رمضان المبارک ھفتہ نزول قرآن کریم منانے کا مقصد اس کتاب الہیٰ سے اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ قرآن کریم اللہ کی کتاب اور ہدایت انسانی کا جامع دستور ہے۔ جس پر عمل پیرا ہو کر انسان دنیا اور آخرت کی سعادت اور کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔
ماہ مبارک رمضان نزول قرآن کریم اور بہار قرآن کا مہینہ ہے اس لیے ہمیں اس مبارک مہینے کے آخری عشرے میں تلاوت قرآن کریم اور قرآن فہمی پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آج بھی مسلمان معاشرے میں قرآن کریم پر درست توجہ نہیں دی گئی ہے۔ انسانی سعادت عروج اور سربلندی قرآن کریم سے تمسک اور قرآن کریم پر عمل کرنے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی نے 23 تا 27 رمضان المبارک کو ہفتہ نزول قرآن کا اعلان کیا تھا قائد شہید کے فرمان کے پیش نظر پوری ملت ھفتہ نزول قرآن کے موقع پر تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ساتھ قرآن فہمی کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کرے۔