وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام حسن مجتبی علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت اور بلند کردار ہمارے لئے نمونہ عمل ہے، آج بھی امت مسلمہ اسوہ حسنی اپنا کر عصر حاضر کی اسلام دشمن قوتوں کو شکست دے سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں مقامی میڈیا کے خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ کریم آل محمد امام حسن مجتبی علیہ السلام علم و حلم شجاعت و سخاوت سمیت اعلیٰ انسانی صفات کا مجسم نمونہ تھے، آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلق عظیم اور ہیبت و وقار کے وارث تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ علیہ السلام کا کریمانہ اخلاق اور سخاوت مشہور ہے، آپ نے سواری موجود ہونے کے باوجود 25 مرتبہ پیدل حج کئے، آپ ہی کے لئے سید الانبیاء (ص) نے فرمایا کہ میرا یہ بیٹا سردار ہے، آپ جوانان جنت کے سردار ہیں۔ انہوں نےکہا کہ امام حسن مجتبی علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت اور بلند کردار ہمارے لئے نمونہ عمل ہے، آج بھی امت مسلمہ اسوہ حسنی اپنا کر عصر حاضر کی مکار اسلام دشمن قوتوں کو شکست دے سکتی ہے۔