وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اوروفاقی وزیر مذہبی نور الحق قادری کے درمیان ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے جس میں یوم علیؑ کے سلسلے میں منعقد ہونے والے عزاداری کے پروگراموں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ حکومتی سطح پر منعقدہ اجلاس میں یہ بات طے شدہ تھی کہ حکومت کے اعلان کردہ ایس او پیز کے مطابق جلوس و عزاداری کے پروگراموں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
جس طرح مساجد میں باجماعت نمازوں یا تراویح حکومتی وضع کردہ ایس او پیز کے تحت جاری ہے اسی طرح یوم علی علیہ السلام پر مجالس عزا و جلوس ہائے عزاداری کے جملہ معاملات میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے، حکومت کی طرف سے واضح اعلان کے باوجود صوبائی حکومتیں یوم علی ؑ کے موقع پر رکاوٹ پیدا کرنے کے لئےمختلف حیلے بہانے تراش رہی ہیں ۔
ملت جعفریہ کے مذہبی جذبات کو نقصان پہنچا کر انہیں دانستہ طور پر مشتعل کرنے کی کوشش کسی بھی اعتبار سے درست نہیں اور ایک ناقابل برداشت عمل ہے۔وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ صوبائی حکومتوں کے متعصبانہ اور بلاجواز اقدامات کا نوٹس لے اور انہیں ایسے غیر سنجیدہ فیصلوں سے باز رکھا جائے۔وفاقی وزیر نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری اور باہمی احترام ان کی ترجیحات کا حصہ ہےاور بہت جلد ملک کے جید علما کااجلاس بلا کر یہ معاملہ بھی بخوبی طے کر لیا جائے گا۔