وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علماء کرام اور مفتیان عظام کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد میں معاونت کریں تاکہ عوام کو اس وباء سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انسانی جان کی حفاظت کے لئے فاصلہ اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز پر تشویش ہے لہذا حکومت اور عوام مل کر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکیں۔
انہوں نےکہا کہ عوام لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ وبا کے دوران اپنے فرائض دیانتداری سے ادا کرنے والے ڈاکٹرز پولیس فوج رینجرز اور رضاکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جبکہ لاک ڈاون کے دوران بعض مقامات پر پولیس کا شہریوں کے ساتھ غیر مہذب رویہ ناقابل قبول ہے پولیس اور رینجرز کو شہریوں کے احترام کا درس دیا جائے۔ پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آنے سے پولیس ڈپارٹمنٹ کے وقار اور نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔