وحدت نیوز(اسلام آباد) کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے متعلق عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے میدان عمل میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم کی کابینہ نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا مقصدکرونا وائرس سے بچاؤ اور علاج کے لیے علاقائی سطح پر آگاہی مہم چلانا ہے۔
صوبائی و ضلعی سیکرٹری جنرلز اس کمیٹی کے اراکین میں شامل ہوں گے۔کمیٹی کے زیر اہتمام لوگوں کے گھروں اور دیگر مقامات پر آگہی لٹریچر تقسیم کیا جائے گا تاکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سدباب کیا جا سکے۔
ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا کی شکل اختیار کر گئی ہے جس سے نمٹنے کے لیے حکومت اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی کردار کی بھی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے نام پر سیاسی و مسلکی تعصب کو ہوا دینے والوں کی عقل پرحیرت ہوتی ہے۔یہ وقت تقسیم ہونے کی بجائے متحد ہو کر قوم کو ایک مشکل سے نکالنے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہر مشکل گھڑی میں بلاتخصیص مذہب و مسلک ملک و قوم کی بے لوث جذبے کے ساتھ خدمت کی ہے۔جب تک اس وبا کا ملک سے مکمل خاتمہ نہیں ہوتا تب تک ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔