وحدت نیوز(اسلام آباد) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فارشیعہ مسنگ پرسنز اور مجلس وحدت مسلمین کی اعلیٰ قیادت کی بھرپور کوششوں کی بدولت جبری طورپر گمشدہ سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان یافث نوید ہاشمی ایڈوکیٹ بازیاب ہوگئے ہیں۔
بازیابی کے بعد یافث نوید ہاشمی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے اہل خانہ سمیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور دیگر قائدین سے ملاقات کی ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے یافث نوید ہاشمی کی باحفاظت بازیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کی اور آخری اسیر کی بازیابی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔
یافث نوید ہاشمی نے اپنی اور دیگر شیعہ جبری گمشدگان کی بازیابی کیلئے مجلس وحدت مسلمین اور علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خصوصی کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ اداکیا۔
واضح رہے کہ تفصیلات کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق مرکزی صدر اور سابق صدر ملتان بار ایسوسی ایشن یافث نوید ہاشمی کوایڈوکیٹ کو 8اگست 2019کو اسلام آباد سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
یافث نوید ہاشمی ایڈوکیٹ کو6ماہ کی جبری گمشدگی کے بعد آج اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ اور ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا ۔
الحمد اللہ یافث ہاشمی مکمل صحت مند ہیں، اپنے معصوم بیٹے اور بیٹی کو دیکھ کر وہ فرط جذبات پر قابو نا رکھ سکے ،اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔